سعودی حکومت کیخلاف مبینہ تنقیدی پوسٹ پر ایرانی مذہبی اسکالر گرفتار

سعودی حکومت کیخلاف مبینہ تنقیدی پوسٹ پر ایرانی مذہبی اسکالر گرفتار
کیپشن: سعودی حکومت کیخلاف مبینہ تنقیدی پوسٹ پر ایرانی مذہبی اسکالر گرفتار

ویب ڈیسک: سعودی عرب میں موجود ایرانی مذہبی اسکالر غلام رضا قاسمیان کو سوشل میڈیا پر حکومتِ سعودی عرب کے خلاف مبینہ تنقیدی پوسٹ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب وہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں مقیم تھے۔

ایرانی عدلیہ نے اس اقدام کو غیر منصفانہ اور خلافِ قانون قرار دیتے ہوئے عالم دین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ غلام رضا قاسمیان کو گرفتار کر کے سعودی عرب نے مذہبی اور انسانی اقدار کی خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم حج جیسے مقدس موقع پر ایسے کسی بھی عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں جو مسلم اتحاد کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔"

انہوں نے مزید کہا کہ تہران، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے اور کسی کو بھی ان تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ادھر سعودی وزارت اطلاعات نے اس خبر پر تاحال کوئی مؤقف جاری نہیں کیا، جس کے باعث واقعے کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔

یہ گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ برسوں میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی تعلقات بحال کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔

Watch Live Public News