الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آ ف پاکستان (ای سی پی ) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کو بلے کا نشان واپس کرنے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کرے گا ۔ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر حکم امتناع ختم کرنے کی استدعا کرے گا۔ واضح رہے کہ 26 دسمبر 2023 کو پشاور ہائیکورٹ نے بلے کا نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پرحکم امتناع جاری کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا تھاکہ چھٹیوں کے ختم ہونے کے بعد پہلے ڈبل بینچ میں کیس سنا جائے۔ خیال رہے کہ 22 دسمبر 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 18 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور ایک روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 22 دسمبر تک پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابی نشان کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 3 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے تھے، جس میں بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ عمر ایوب پارٹی کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔