برطانوی باکسرانتھونی جوشوا کار حادثے میں زخمی، 2 افراد ہلاک

برطانوی باکسرانتھونی جوشوا کار حادثے میں زخمی، 2 افراد ہلاک

(ویب ڈیسک)باکسنگ اسٹار انتھونی جوشوا نائجیریا میں ایک سنگین کار حادثے میں زخمی ہو گئے،افسوسناک حادثے میں 2 دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق  36 سالہ سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا اس وقت حادثے کا شکار ہوئے جب وہ اوگون اسٹیٹ کے علاقے ماکن کے قریب لاگوس–ابادان ایکسپریس وے پر ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے، جہاں ان کی گاڑی ایک کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

اوگون اسٹیٹ پولیس کمانڈ کے مطابق، حادثے کے وقت جوشوا ایک لیکسس ایس یو وی کی پچھلی نشست پر بیٹھے تھے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح 11 بجے پیش آیا۔

 حکام  کا کہنا ہے کہ جوشوا کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور انہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ، گاڑی میں سوار دو دیگر مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، تاہم پولیس نے ان کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی۔

کارحادثے کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جوشوا نے میامی میں یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال کے خلاف چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ فتح حاصل کی تھی۔ یہ طویل عرصے کے بعد رنگ میں ان کی پہلی کامیابی تھی۔ اس مقابلے کے بعد وہ نائجیریا گئے تھے، جہاں ان کی خاندانی جڑیں ہیں۔

جوشوا کے پروموٹر ایڈی ہرن نے بتایا کہ حکام باکسر انتھونی جوشوا سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے ایسی تصاویر دیکھی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدید حادثے کے باوجود وہ ’ٹھیک‘ ہیں۔ 

اس خبر کے بعد مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھرپور ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بہت سے افراد اس بات پر شکر گزار ہیں کہ جوشوا بچ گئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت بھی کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News