سابق پورٹو ریکن باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

سابق پورٹو ریکن باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
کیپشن: سابق پورٹو ریکن باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: سابق پورٹو ریکن باکسر پریچارڈ کولون 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ 2015 میں باکسنگ مقابلے کے دوران سر پر لگنے والی شدید چوٹ کے بعد ان کا کیریئر ختم ہوگیا تھا اور وہ طویل عرصے تک طبی نگہداشت میں رہے۔

پریچارڈ کولون کو اکتوبر 2015 میں امریکی باکسر ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے کے دوران دماغ پر شدید چوٹ لگی، جس کے بعد انہیں ہنگامی سرجری سے گزرنا پڑا اور وہ طویل عرصے تک کوما میں رہے۔ کوما سے بیدار ہونے کے بعد کولون کو شدید اعصابی نقصان کا سامنا رہا اور زندگی کے آخری برسوں میں انہیں مسلسل نگہداشت کی ضرورت تھی۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فلوریڈا میں مقیم تھے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔

ان کے والد رچرڈ کولون نے فیس بک پر بیٹے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پریچارڈ اب ایک بہتر دنیا میں ہیں۔

ٹیرل ولیمز کے خلاف مقابلے سے قبل کولون ناقابلِ شکست تھے۔ انہوں نے 16 پروفیشنل مقابلے کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی، جن میں 13 فتوحات ناک آؤٹ کے ذریعے حاصل کیں۔

کولون کی موت نے ایک بار پھر باکسنگ میں سر اور دماغ پر لگنے والی شدید چوٹوں کے خطرات کو اجاگر کردیا ہے۔

Watch Live Public News