ویب ڈیسک: گورنر سندھ نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی سرپرستی اور سندھ میں جدید اسپورٹس سہولیات کی فراہمی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی کے علاقے لیاری میں جدید باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی گورنر ہاوس میں ملاقات*
— Khurram Abbas (@KhurramBhatti01) July 17, 2026
ملاقات میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، باکسنگ کے فروغ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد کی طرز پر لیاری میں جدید باکسنگ اکیڈمی کے قیام پر گفتگو pic.twitter.com/ZCSaIWShVW
گورنر سندھ نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر عامر خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ لیاری سمیت صوبے بھر میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر عامر خان نے کھیلوں کے فروغ کے لیے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیاری کے نوجوانوں میں غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے اور انہیں عالمی معیار کی باکسنگ تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔