ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں 31 جولائی تک ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس تناظر میں متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ شہریوں سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پنجاب کے متعدد اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ ان اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد شامل ہیں۔ ان علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان اضلاع میں واقع پہاڑی علاقوں کے برساتی نالوں میں شدید طغیانی آ سکتی ہے، جس سے ندی نالوں کے اطراف میں رہنے والے مکینوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کوہستان، سوات، مالاکنڈ، دیر اور بونیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کے خطرے کی بھی نشاندہی کی ہے، خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں حالیہ دنوں میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
آزاد کشمیر کے علاقوں بھمبر، سماہنی اور دھیرکوٹ میں بھی تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں چند گھنٹوں میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ ان علاقوں میں بھی ندی نالوں میں پانی کی روانی تیز ہو گئی ہے، اور مقامی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔ کسانوں کو بھی بارشوں کے باعث فصلوں کو محفوظ بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔