ویب ڈیسک: حکومت سندھ نے پاکستان کی پہلی حکومتی ٹیکسی سروس شروع کرنے اور ای وی ٹیکسی لانچ کرنے کی تیاریاں تیز کر دی، حکومت سندھ کی جانب سے دسمبر میں ای وی ٹیکسی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول نظام بھٹو اور دیگر حکام شریک کی۔
اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو صوبے میں جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ پاکستان میں پہلی بار اپنی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہی ہے ، کوشش ہے کہ دسمبر 2025 تک ای وی ٹیکسی سروس بھی عوام کو فراہم کر دی جائے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عوام کو جدید، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات ملیں، ابتدائی مرحلے میں آنے والی ای وی ٹیکسیوں میں خواتین کے لیے ٹیکسیاں مخصوص کی جائیں گی۔
حکومت سندھ نے پاکستان میں پہلی بار ماحول دوست ای وی بسیں اور خطے میں پہلی بار خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کرائی،خواتین اور طالبات کے لیے پنک اسکوٹی پروگرام کو بھی عوامی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے۔
اب خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسی کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ ملک کی پہلی ای وی ٹیکسی بھی شروع کی جا رہی ہے، کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کم کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں اور مزید ای وی بسیں بھی جلد شامل ہوں گی۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ ای وی گاڑیوں کے لیے انفرا اسٹرکچر اور چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری پر بھی کام جاری ہے تاکہ یہ منصوبہ پائیدار اور کامیاب ثابت ہو،خواتین کو محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کا عزم ہے۔
بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔