امریکی مراسلے کی تحقیقات، صدر اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا گیا

امریکی مراسلے کی تحقیقات، صدر اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا گیا
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) امریکی دھمکی پر پاکستانی سفیر کے موصول ہونے والے مراسلے کی تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صدرِ مملکت اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔ اس خط میں صدرِ مملکت سے بطور سربراہِ ریاست اور کمانڈر ان چیف افواجِ پاکستان فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں پاکستان کی خود مختاری اور جمہوریت کو لاحق اس خطرے کی عوامی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ نے دیگر حکام کے ہمراہ ہمارے سفیر سے باضابطہ ملاقات کی۔ پاکستانی سفیر کی جانب سے اس ملاقات سے متعلق بھجوائی گئی تمام تفصیلات ایک خفیہ مراسلے کی شکل میں آپ کے پاس موجود ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے خط میں لکھا کہ خفیہ مراسلے کی رپورٹ میں امریکی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ کی گفتگو واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔ آخری کابینہ اجلاس میں تحریک انصاف کی حکومت اس نتیجے پر پہنچی کہ مراسلے کے مندرجات میں سازش کے آثار نمایاں ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اس سازش کا مقصد مجھے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹانا تھا۔ یہ ایک نہایت سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے۔ اس کے نتیجے میں میری حکومت کو سازش پر مبنی تحریک عدمِ اعتماد کے ذریعے چلتا کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ خفیہ مراسلے میں درج اس سازش کے باعث ڈپٹی سپیکر نے معاملے کی مکمل تحقیقات تک تحریک عدمِ اعتماد پر کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دی۔ اس تحریک عدمِ اعتماد پر رائے شماری سے قبل کیا عدالتِ عظمیٰ کو مراسلے کے مندرجات کا جائزہ نہیں لینا چاہیے تھا؟ خط میں کہا گیا ہے کہ لازم ہے کہ چیف جسٹس مراسلے کے بیرونی سازش پر مشتمل مندرجات کا جائزہ لیں۔ عدالتِ عظمیٰ کیلئے میموگیٹ کی نظیر موجود ہے۔ سپریم کورٹ سازش کے کرداروں کے تعین کیلئے کمیشن تشکیل دے جو کھلے عام معاملے کی تحقیقات کرے۔ عمران خان نے لکھا ہے کہ عوام سچ جاننا اور تبدیلی اقتدار کی بیرونی سازش میں ملوث کرداروں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ ایوانِ صدر اور عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے معاملے پر خاموشی سے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ ووٹ کی پرچی سے 5 سالہ حکومت منتخب کرنے کے اپنے جمہوری حق پر بیرونی سازش کی شکل میں پڑنے والے ڈاکے پر عوام سراپا احتجاج ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا کہ عوام حصولِ انصاف کیلئے عدالتِ عظمیٰ و سربراہِ ریاست کی جانب نظریں لگائے ہوئے ہیں۔ صدرِ مملکت اور چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔