ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے پانی زندگی کا مسئلہ ہے اور سندھ طاس معاہدے میں کسی بھی یکطرفہ تبدیلی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
جناح کنونشن سینٹر میں سندھ طاس معاہدے پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون جبکہ دریائے سندھ اس کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سندھ طاس معاہدے پر مخلصانہ عملدرآمد کیا ہے اور اپنے آبی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1960 کا سندھ طاس معاہدہ بین الاقوامی تعلقات میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، کوئی بھی ملک اسے یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کر سکتا، جبکہ اس کی خلاف ورزی خطے کے امن کو متاثر کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مؤقف کے دفاع کے لیے عالمی بینک اور دیگر متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا بنیادی مسئلہ ہے اور پاکستان اپنے حصے کے پانی کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور سفارتی فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔