ویب ڈیسک: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے پاکستان کو امریکا کا مخلص دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا کوئی بھی معاہدہ مثبت اور مؤثر ہوگا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے ہیں اور تہران بخوبی جانتا ہے کہ اسے کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ امریکا ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے، تاہم ترجیح سفارتی حل اور مذاکرات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی دفاعی ٹیموں کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور ملاقاتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی معاہدے کا فیصلہ کریں گے، جبکہ ایران سے متعلق امریکی پالیسی اور بنیادی اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔