ویب ڈیسک: امریکا میں رواں برس نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات سے قبل سامنے آنے والے ایک نئے سروے میں اشارہ دیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کو انتخابی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے، جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کو برتری حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی سروے رپورٹ کے مطابق نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ریپبلکنز پر برتری حاصل ہوگی جبکہ ووٹرز کی بڑی تعداد کانگریس میں نمایاں تبدیلی کی خواہش رکھتی ہے۔
سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موجودہ کانگریس کے متعدد ارکان کو دوبارہ منتخب ہونے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ووٹرز کی ایک بڑی تعداد کا خیال ہے کہ ریپبلکن قیادت نے مہنگائی اور معاشی مسائل پر مؤثر توجہ نہیں دی۔
سروے کے مطابق 63 فیصد امریکیوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنا ان کے لیے سب سے اہم انتخابی مسئلہ ہے، اور وہ ووٹ دیتے وقت اسی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر معاشی صورتحال ووٹرز کی اولین ترجیح بنی رہی تو مڈٹرم انتخابات کے نتائج کانگریس میں طاقت کے توازن پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔