10 دن سے لاپتہ لڑکے کے اغوا کا مقدمہ جنات کے خلاف درج

10 دن سے لاپتہ لڑکے کے اغوا کا مقدمہ جنات کے خلاف درج
کیپشن: 10 دن سے لاپتہ لڑکے کے اغوا کا مقدمہ جنات کے خلاف درج

ویب ڈیسک: جڑواں شہروں راولپنڈی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں پولیس نے 10 دن سے لاپتہ 11 سالہ لڑکے کے اغوا کا مقدمہ جنات کے خلاف درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا ہے، جہاں ایک والد نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کے بعد جنات کے خلاف شکایت درج کرائی۔  21 جنوری کو 11 سالہ سراقہ السیف اپنے گھر سے باہر گیا، مگر طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود واپس نہ آیا۔ اس پر والد نے 25 جنوری کو اغوا کا مقدمہ درج کرایا۔ مقدمے کے متن میں یہ کہا گیا ہے کہ سراقہ السیف کو جنات نے اغوا کر کے لے جایا ہے۔

مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ جنات اس سے قبل کئی بار ان کے بیٹے سراقہ کو اپنے ساتھ لے جا چکے ہیں، مگر ہر بار کچھ وقت بعد وہ خود واپس آ جاتا تھا۔ تاہم، اب کئی روز گزر جانے کے باوجود بیٹا واپس نہیں آیا، جس پر والد نے یقین ظاہر کیا ہے کہ جنات ہی اس کو اغوا کر کے لے گئے ہیں۔

یہ واقعہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، کیونکہ اس سے پہلے لاہور میں بھی ایک ایسا ہی عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا تھا۔ وہاں ایک شادی شدہ خاتون کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کی والدہ نے اغوا کا مقدمہ جنات کے خلاف درج کرایا تھا، جس پر معاملہ عدالت تک پہنچ گیا تھا۔

Watch Live Public News