اسلام قبول کرنےکے بعد امریکی خاتون نے پاکستانی لڑکے سے شادی کرلی

اسلام قبول کرنےکے بعد امریکی خاتون نے پاکستانی لڑکے سے شادی کرلی

ویب ڈیسک: امریکی خاتون نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان سے نکاح کر لیا، اسلام قبول کر کے " زلیخا" نام رکھ  لیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ خاتون منڈی نے پاکستان آ کر نہ صرف اسلام قبول کر لیا بلکہ اپر دیر کے رہائشی نوجوان ساجد زیب خان سے نکاح بھی کر لیا۔

منڈی، جو امریکی ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو سے تعلق رکھتی ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ساجد زیب خان سے رابطے میں آئیں۔ وقت کے ساتھ ان کی دوستی محبت میں بدل گئی، اور بالآخر اسلام قبول کرنے کے بعد منڈی نے اپنا نام تبدیل کرتےساجد کو شادی کی پیشکش کر دی، جسے ساجد نے خوشی خوشی قبول کر لیا۔

زلیخا تین روز قبل اپر دیر پہنچیں، جہاں ایک سادہ اور پُرخلوص نکاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ اسلام قبول کرنے کے بعد ’’ زلیخا ‘‘ انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں اسلام کو "خوبصورت مذہب" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی زندگی کے آغاز پر بے حد خوش ہیں۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر زلیخا کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایئرپورٹ پر حجاب میں ملبوس، گلدستہ ہاتھ میں تھامے، ساجد کے ساتھ خوشی سے مل رہی ہیں،  صارفین کی بڑی تعداد نے اس جوڑے کو مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

نکاح کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں زلیخا نے کہا کہ پاکستان کا ماحول بہت پُرامن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور خود آ کر اس خوبصورت سرزمین کا مشاہدہ کریں۔

زلیخا نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد امریکہ واپس جائیں گی تاکہ ساجد کے ویزہ اور دیگر قانونی امور مکمل کر کے دونوں امریکہ میں آباد ہو سکیں۔

Watch Live Public News