(ویب ڈیسک ) اسرائیلی بمباری کے وقت یمنی دارالحکومت صنعا کے ائیرپورٹ پر موجود سربراہ ڈبلیو ایچ او کی سماعت متاثر ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈ روس ایڈاہانوم نے کہا کہ زوردار دھماکے کے باعث انہیں کان میں گھنٹیاں بجتی محسوس ہوتی ہیں، امید ہے یہ تکلیف عارضی ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی طیاروں نے صنعا ائیرپورٹ پر بمباری کی تھی، اس وقت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ائیرپورٹ کی لابی میں موجود تھے۔ان حملوں میں وہ بال بال بچے تھے ۔
اسرائیل کے حملے میں ایئرپورٹ پر 2 افراد ہلاک اور عالمی ادارہ صحت کے طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی ہوا تھا۔
ٹیڈروس ایڈاہانوم نے اس وقت بیان میں کہا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں ائیرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ان سے کچھ میٹر کے ہی فاصلے پر تھا۔