پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی

پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
کیپشن: پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی

ویب ڈیسک: پاکستان نے جولائی 2025 کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستان یہ ذمے داری مقصد، انکساری، اور یقین کے جذبے کے ساتھ ادا کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسی اقوامِ متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین کے احترام، اور کثیرالجہتی نظام سے وابستگی پر مبنی ہے۔ پاکستان سلامتی کونسل میں غیرجانب دار، اصولی اور متوازن نقطہ نظر اختیار کرے گا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے جولائی کے لیے سلامتی کونسل کے پروگرامِ عمل کی تیاری شفاف، متوازن، اور مشاورت پر مبنی طریقہ کار کے تحت کی ہے۔ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ، جنوبی ایشیا، افریقہ، یورپ، لاطینی امریکہ اور دیگر خطوں میں امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحرانوں کی انسانی قیمت اس بات کی متقاضی ہے کہ سلامتی کونسل ایک مؤثر، قابلِ اعتبار، اور بروقت ردعمل دینے والا پلیٹ فارم ہو۔

پاکستان اپنی صدارت کے دوران دو اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرے گا ،22 جولائی کو "کثیرالجہتی نظام اور تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینا"،24 جولائی کو " اقوامِ متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون"،دونوں اجلاسوں کی صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے، جو 23 جولائی 2025 کو فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران جامع شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے تعمیری مکالمے اور مشاورت کو فروغ دے گا، اور سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی وسیع رکنیت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی امن و سلامتی کا قیام صرف چند ممالک کی نہیں بلکہ تمام اقوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پاکستان اس سلسلے میں اپنا کردار بخوبی ادا کرتا رہے گا۔

Watch Live Public News