پشاورہائیکورٹ کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کےحلف پر عارضی پابندی

پشاورہائیکورٹ کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کےحلف پر عارضی پابندی
کیپشن: پشاورہائیکورٹ کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کےحلف پر عارضی پابندی

ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف لینے سے عارضی طور پر روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی پی) کی جانب سے دائر درخواست پر سنایا گیا۔

جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی پی کے وکیل سلطان محمد خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم میں درست طریقہ کار اختیار نہیں کیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آیا مخصوص نشستوں کے لیے مطلوبہ فہرست جمع کرائی گئی تھی؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی، فہرست جمع کرائی گئی تھی۔ وکیل نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی پی کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں دو نشستیں حاصل ہیں، مگر الیکشن کمیشن نے صرف ایک خواتین کی مخصوص نشست الاٹ کی، جو کہ درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بطور جماعت انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا، تاہم ان کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ پی ٹی آئی پی کا مؤقف ہے کہ انہیں دو خواتین اور ایک اقلیتی مخصوص نشست کا حق دیا جانا چاہیے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا اور آئندہ سماعت تک مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان سے حلف نہ لینے کا حکم جاری کر دیا۔

Watch Live Public News