برطانوی شاہی خاندان کو سالانہ کتنی گرانٹ دی جاتی ہے؟ رپورٹ جاری

برطانوی شاہی خاندان کو سالانہ کتنی گرانٹ دی جاتی ہے؟ رپورٹ جاری
کیپشن: برطانوی شاہی خاندان کو سالانہ کتنی گرانٹ دی جاتی ہے؟ رپورٹ جاری

ویب ڈیسک: (علی زیدی) برطانوی شاہی خاندان کی سالانہ مالی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق حکومت کی جانب سے شاہی اخراجات کے لیے فراہم کی جانے والی سالانہ رقم 86.3 ملین پاؤنڈ (تقریباً 118.5 ملین امریکی ڈالر) برقرار رہی ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ رقم، جسے "سویورن گرانٹ" کہا جاتا ہے، شاہی محلوں کی دیکھ بھال، سرکاری مصروفیات، سفری اخراجات، عملے کی تنخواہیں اور دیگر عوامی فرائض کی ادائیگی کے لیے دی جاتی ہے۔ اس رقم کی فراہمی برطانوی عوام کے ٹیکس سے ہوتی ہے۔ اس کے بدلے میں شاہی خاندان " کراؤن اسٹیٹ" کی تمام آمدنی حکومت کو منتقل کرتا ہے، جس کا یہ معاہدہ 1760 سے چلا آ رہا ہے۔

کراؤن اسٹیٹ میں وسطی لندن کی وسیع جائیدادیں، آسکوٹ ریس کورس اور انگلینڈ، ویلز و شمالی آئرلینڈ کے ساحلی علاقےشامل ہیں۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق، شاہی خاندان نے گزشتہ سال 1,900 سے زائد عوامی تقریبات میں شرکت کی، جبکہ 93,000 سے زائد مہمانوں نے شاہی محلوں میں منعقدہ 828 تقریبات میں شرکت کی۔

گرانٹ کی تقسیم:
کل گرانٹ کی رقم دو حصوں پر مشتمل ہے:

51.8 ملین پاؤنڈ (71.1 ملین ڈالر) بنیادی شاہی اخراجات کے لیے
34.5 ملین پاؤنڈ (47.4 ملین ڈالر) بکنگھم پیلس کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے لیے
بکنگھم پیلس، جو لندن کا ایک نمایاں سیاحتی مقام ہے، ان دنوں بڑے پیمانے پر جدید کاری کے منصوبے سے گزر رہا ہے جس میں بجلی، پانی کی پائپ لائن، لفٹس اور معذور افراد کے لیے باتھ رومز کی بہتری شامل ہے۔

دیگر اہم نکات:
رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان نے شاہی ریل گاڑی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ 1842 سے استعمال میں ہے۔
شاہی گاڑیوں کے بیڑے کو بتدریج الیکٹرک اور بائیوفیول پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
فضائی سفر میں "سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول" کے استعمال میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
تنقید اور موقف:
شاہی خاندان کو ملنے والی رقم پر اکثر تنقید کی جاتی ہے۔ ریپبلک نامی ایک مخالفِ بادشاہت گروپ کا کہنا ہے کہ "سویورن گرانٹ" کو ختم کیا جائے اور کراؤن اسٹیٹ کی مکمل آمدن عوام کو دی جائے۔

اس گروپ کے سرگرم رکن گراہم اسمتھ کا کہنا تھا:"یہ گرانٹ سسٹم غیر معقول ہے۔ فنڈنگ کی مقدار ضرورت کی بنیاد پر نہیں بلکہ کراؤن اسٹیٹ کی آمدنی سے جڑی ہوتی ہے۔"
ان کے مطابق، بکنگھم پیلس کی مرمت کو بہانہ بنا کر دس سال قبل بھی گرانٹ کی رقم دوگنا کی گئی تھی۔

شاہی خاندان کا مؤقف:
پرائیوی پرس کے نگران، جیمز چالمرز نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا:" شاہی خاندان کا نرم قوت (Soft Power) عالمی سطح پر پہچانی جا رہی ہے، اور نئی بادشاہت کے تحت ہماری خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسعت ملی ہے۔"

شاہی خاندان کی آمدنی کے تین بڑے ذرائع ہیں:

سویورن گرانٹ
ڈچی آف لنکاسٹر اور کارنوال کی جائیدادیں
ذاتی ملکیت اور سرمایہ کاری

Watch Live Public News