نشے میں دھت 67 سالہ خاتون کی عدالت کے لان میں گاڑی کے کرتب دکھانے کی ویڈیو وائرل

نشے میں دھت 67 سالہ خاتون کی عدالت کے لان میں گاڑی کے کرتب دکھانے کی ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست انڈیانا میں ایک انتہائی حیران کن اور عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں مبینہ طور پر نشے میں دھت 67 سالہ خاتون نے اپنی گاڑی کاؤنٹی کورٹ ہاؤس ( عدالت) کے سرسبز لان پر چڑھا دی اور گھاس کے میدان میں گاڑی کو گول چکروں (Donuts) میں گھمانا شروع کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

جینگنز کاؤنٹی شیرف آفس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ڈرائیور نے گاڑی کو کورٹ ہاؤس کے لان پر لگے درختوں، اسٹریٹ لائٹس کے کھمبوں اور پارکنگ بنچ کے گرد انتہائی بے قابو انداز میں گول گول گھمایا۔

تیز رفتار گاڑی گھاس پر گہرے نشانات چھوڑتے ہوئے ایک سائن بورڈ سے ٹکرا گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کی گئی 67 سالہ خاتون کی شناخت نارتھ ورنن کی رہائشی لورین ولکرسن (Lorraine Wilkerson) کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو موقع پر ہی حراست میں لے کر جیننگز کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا، جہاں ان کی ضمانت 950 ڈالرز کے مچلکوں پر رکھی گئی۔

ملزمہ کے خلاف نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور خون میں الکوحل کا تناسب 0.08 یا اس سے زائد ہونے سمیت متعدد دیگر قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

واقعے کے بعد جیننگز کاؤنٹی کے شیرف آفس نے فیس بک پر تبصرہ کرتے ہوئے شہریوں کو تنبیہ کی کہ اگر آپ نے ڈنر پر ضرورت سے زیادہ شراب پی رکھی ہے تو براہِ کرم اسٹیرنگ مت سنبھالیں اور عدالت کے لان پر گاڑی سے کرتب دکھانے کی غلطی تو بالکل نہ کریں۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نشے کی حالت میں خود گاڑی چلانے کے بجائے گھر واپسی کے محفوظ ذرائع کا انتخاب کریں۔

Watch Live Public News