ویڈیو: نوجوان نے بلندی سے گرنے والے معصوم بچے کو کیچ کر کے معجزاتی طور پر بچا لیا

ویڈیو: نوجوان نے بلندی سے گرنے والے معصوم بچے کو کیچ کر کے معجزاتی طور پر بچا لیا

(ویب ڈیسک) مصر کے صوبے گیزا میں ایک نوجوان نے غیر معمولی بہادری، چستی اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمارت کی بالکونی سے گرنے والے 5 سالہ بچے کو زمین سے ٹکرانے سے ٹھیک پہلے کیچ کر کے اس کی زندگی بچا لی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

یہ دل دہلا دینے والا واقعہ گیزا کے علاقے ’ارد اللواء‘ (Ard El-Lewa) میں پیش آیا، جہاں احمد رجب نامی نوجوان ایک دکان کے قریب موجود تھا۔

نوجوان نے اچانک محسوس کیا کہ اوپر بلندی پر واقع بالکونی سے ایک بچہ گرنے کے خطرے سے دوچار ہے۔

چند ہی لمحوں میں جب 5سالہ بچہ بلندی سے نیچے گرا تو احمد رجب نے ایک لمحے کی تاخیر کیے بغیر بجلی کی سی تیزی سے دوڑ لگائی اور اسے زمین پر گرنے سے عین قبل اپنی بانہوں میں بحفاظت تھام لیا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جہاں صارفین نوجوان کی بے لوث بہادری، چستی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو بے حد سراہ رہے ہیں۔

احمد رجب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کسی کام سے کچھ خریداری کے لیے نکلے تھے کہ اچانک چیخ و پکار کی آوازیں سن کر انہوں نے عمارت کی طرف نگاہ دوڑائی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اتنی تیزی سے رونما ہوا کہ انہیں یہ سوچنے کا موقع ہی نہ ملا کہ آیا وہ وقت پر بچے تک پہنچ بھی پائیں گے یا نہیں۔

انہوں نے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس لمحے میں نے اپنی جان یا حفاظت کے بارے میں بالکل نہیں سوچا تھا، میرا واحد مقصد صرف اس معصوم بچے کی جان بچانا تھا۔

Watch Live Public News