ویب ڈیسک: ذرائع کے مطابق حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومتی پیشکش سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے رابطے کے بعد پی ٹی آئی نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت زوم کے ذریعے شریک ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات حل کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس کے بعد حکومت نے انہیں سیاسی رابطوں میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔