سڑک کے کام پر سوال پوچھنے کی پاداش: بھارتی وزیر نے نوجوان کو سرِ عام تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

سڑک کے کام پر سوال پوچھنے کی پاداش: بھارتی وزیر نے نوجوان کو سرِ عام تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) بھارت میں حکمراں جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے دہلی کے وزیر پروش ورما کی جانب سے سوالات پوچھنے پر ایک نوجوان کو سرِ عام تھپڑ مارنے کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سیاست میں شدید ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔

بھارتی وزیر پروش ورما حال ہی میں تعمیر کی جانے والی ایک نئی سڑک کا معائنہ کرنے کے لیے علاقے میں پہنچے تھے۔اس دوران ایک مقامی نوجوان نے ترقیاتی کام اور سڑک کی حالت کے حوالے سے وزیر سے چند سوالات کیے، جس پر مشتعل ہو کر پروش ورما نے سرِ عام اس کے منہ پر تھپڑ دے مارا۔

واقعے کی ویڈیو فوری طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر شہریوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تھپڑ کا شکار ہونے والے نوجوان نے وزیر کے غیر جمہوری اور پرتشدد رویے کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ تحریری شکایت درج کروائی ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ ایک عوامی نمائندے کو عوام کے سوالات پر اس طرح تشدد کرنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق حاصل نہیں۔

عام آدمی پارٹی کے الزامات اور کیجریوال کا اعلان:

اپوزیشن جماعت ’ عام آدمی پارٹی‘ (AAP) نے حکمراں جماعت بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پروش ورما کی فوری گرفتاری کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے نوجوان کی شکایت تو وصول کر لی ہے لیکن اثر و رسوخ کے باعث وزیر کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر اور مقدمہ درج کرنے سے کترائی جا رہی ہے۔

دہلی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس پروش ورما کو فی الفور گرفتار کرے، انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سڑک کے کام کا خود معائنہ کرنے کے لیے پیر کو اس علاقے کا دورہ کریں گے۔

کاکروچ جنتا پارٹی کی مذمت:

' کاکروچ جنتا پارٹی' نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری بیان میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مودی سرکار نوجوان نسل (Gen Z) تک رسائی کے دعوے کرتی ہے، لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ ان کے وزیر پروش ورما بنیادی سوالات پوچھنے پر نوجوانوں کو تھپڑ رسید کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News