ویب ڈیسک: بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اہلکار بیرونِ ملک قتل کی سازشوں کے علاوہ اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہونے کے الزامات کی زد میں آگئے۔ بھارتی جریدے ’ دی وائر‘ نے امریکی عدالتی دستاویزات کی بنیاد پر اہم انکشافات کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں نامزد را کے سابق اہلکار وکاس یادیو نے مبینہ طور پر نکھل گپتا کو اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کی پیشکش بھی کی تھی۔
دی وائر کے مطابق وکاس یادیو نے منی پور کے امپھال ایئرپورٹ سے منشیات سے بھرے طیارے کو کلیئرنس دلوانے اور اے کے 56 رائفلیں فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ مبینہ منصوبے کے تحت چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دو ہزار کلوگرام منشیات اور اسلحہ منتقل کیا جانا تھا۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ وکاس یادیو نے نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کا ٹاسک دیا تھا اور اسلحہ و منشیات کی ڈیل کو اس کارروائی کی تکمیل سے مشروط کیا تھا۔
امریکی استغاثہ کے مطابق بھارتی سرکاری اہلکاروں نے امریکی سرزمین پر ایک امریکی شہری کو اس کے سیاسی نظریات کی بنیاد پر قتل کرنے کی سازش کی۔ امریکی عدالت نے 2024 میں وکاس یادیو کو اشتہاری قرار دیا تھا، جبکہ ایف بی آئی کے وارنٹ کے بعد اس کے بھارت میں موجود ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
دی وائر کے مطابق امریکی استغاثہ نے نکھل گپتا کو 24 سال سے زائد قید کی سزا دینے کی استدعا کی ہے، جبکہ اسے 20 نومبر کو نیویارک کی عدالت میں سزا سنائی جانی ہے۔
امریکی عدالتی دستاویزات میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد وکاس یادیو نے نکھل گپتا کو ان کی لاش کی ویڈیو بھیجی تھی اور مبینہ طور پر بتایا تھا کہ نجر بھی نشانے پر تھے اور مزید اہداف موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی عدالت نے اس مقدمے میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کو سمن بھیجنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
دوسری جانب گرپتونت سنگھ پنوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ قاتلانہ سازش کے انکشاف کے بعد سے ان کی زندگی شدید خطرات اور پابندیوں کی زد میں ہے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق بیرونِ ملک قتل کی مبینہ سازشوں اور خفیہ سرگرمیوں کے الزامات نے بھارت کی عالمی ساکھ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے۔