ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور وہ فلسطینی عوام کی جانیں بچانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم اسرائیلی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا"اسرائیل اور غزہ سے موصول ہونے والی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، اور صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ جنگ ختم ہو، وہ جانیں بچانا چاہتے ہیں۔"
ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ آئندہ پیر کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے، جس میں جنگ بندی، انسانی امداد، ایران اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ادھر اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹیجک امور رون ڈرمر پہلے ہی واشنگٹن میں موجود ہیں، جہاں وہ امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد جنگ بندی کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر بات چیت کرنا اور امریکی حمایت کو مضبوط بنانا ہے۔