ویب ڈیسک: پرتگال کے ساحل پر حال ہی میں ایک نایاب اور حیرت انگیز موسمیاتی مظہر رونما ہوا جسے ' رول کلاؤڈ' کہا جاتا ہے۔ اس غیر معمولی قدرتی منظر کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جو لوگوں کو نہ صرف حیران بلکہ محظوظ بھی کر رہی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب پرتگال شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا۔ رول کلاؤڈ دراصل ایک افقی، نلی نما بادل ہوتا ہے جو زمین سے نسبتاً کم بلندی پر بنتا ہے اور اپنے محور کے گرد گردش کرتا محسوس ہوتا ہے۔ یہ بادل گرم اور نم ہواؤں کے سمندری ٹھنڈی ہواؤں سے ٹکراؤ کے نتیجے میں بنتے ہیں۔
Incredible roll cloud in Póvoa do Varzim, Portugal yesterday...
— Volcaholic (@volcaholic1) June 30, 2025
António Pereira/fb pic.twitter.com/5yS2Mx3Fo7
ساحل پر موجود عینی شاہدین کے مطابق یہ بادل سمندر سے آہستہ آہستہ زمین کی جانب بڑھتا دکھائی دیا، جس کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں۔ بہت سے افراد نے اس بادل کو سمندری لہر یا سونامی سے مشابہ قرار دیا، تاہم ماہرین کے مطابق یہ نہ کوئی طوفان تھا، نہ زلزلہ یا سونامی کا پیش خیمہ۔
مقامی شہریوں اور انٹرنیٹ صارفین نے اس منظر کو فطرت کا نایاب شاہکار قرار دیتے ہوئے مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے طنزیہ کہا:"کیا یہ وہ ہوا ہے جو یورپ والوں کو اس جان لیوا گرمی سے نجات دے گی؟"
ایک اور صارف نے لکھا:" رول کلاؤڈ پہلے شمالی پرتگال میں اکثر نظر آتا تھا، مگر اب برسوں بعد دوبارہ دیکھنے کو ملا ہے۔"
ماہرین موسمیات کے مطابق رول کلاؤڈز اکثر طوفانی نظاموں کے ساتھ یا ان کے کناروں پر بنتے ہیں، جب ٹھنڈی ہوائیں اچانک گرم مرطوب ہواؤں سے ٹکرا جاتی ہیں۔ ان کا ظہور موسم میں غیر متوقع تبدیلیوں کی علامت ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب گرمی میں اچانک بارش یا آندھی کی آمد ہو۔
پرتگال ان دنوں شدید گرمی اور خشک سالی کی زد میں ہے۔ اتوار کے روز ملک کے کئی علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث قومی محکمہ شہری تحفظ نے شمالی، وسطی اور الگارو کے علاقوں میں جنگلاتی آگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور کھلے مقامات پر آگ جلانے سے پرہیز کریں تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔