ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ زندہ ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد خیریت سے ہیں اور ان کے انتقال سے متعلق تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام خبریں جھوٹی ہیں اور اُن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
— Sheikh Waqas Akram (@SheikhWaqqas) June 30, 2026
ڈاکٹر یاسمین راشد الحمداللہ حیات ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں اپنے لیڈر عمران خان کے نظریے کی خاطر قید و صعوبت کی قربانی دے رہی ہیں۔
عوام کسی افواہ پر کان نا دھرے۔
پارٹی کے مطابق جیل حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی طبیعت ناساز ہے، جس سے متعلق عدالت اور جیل انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ انتقال کر گئی ہیں، تاہم پی ٹی آئی نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن قرار دیا ہے۔