ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں بلکہ عوام کو کرنا چاہیے۔
حلقہ جی بی اے 12 شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پسماندہ اور محروم طبقات کے حقوق کی نمائندگی کی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ووٹ کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار کسی نشست کو چوری نہیں ہونے دیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے تجویز دی کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ کرائے جائیں تاکہ عوام کے حقِ حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے وفاقی طرزِ حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے فیصلے مسلط کرنے کی پالیسی نے مقامی آبادیوں کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی اختیارات کی مقامی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے غریب اور مستحق خاندانوں، خصوصاً خواتین کے لیے ایک اہم سہارا ہے۔ ان کے بقول بعض عناصر اس پروگرام کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی اس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔