ویب ڈیسک:16ویں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا 22واں اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق شورشرابے اور ہنگامہ خیز اجلاس میں ووٹنگ کے بعد اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے نتائج کا اعلان کر دیا۔اعلان کے مطابق کل 291 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا۔
اتحادی جماعتوں کے امیدوار سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے 91 ووٹ لئے۔
ن لیگی اراکین نے ڈیسک بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی رہنماعمرایوب
اسپیکرکی جانب سے موقع دیے جانے پر پی پی ٹی آئی کے نامزد امیدواربرائے وزیراعظم عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم نےعمران خان کو ایوان میں واپس لانا ہے۔ایوان میں اجنبی بیٹھےہیں، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا مارنے والوں کو ایوان سے نکالیں۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل اراکین کے شور شرابے پراسپیکرراجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایوان کو چلنے دیں، اگرکوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن یا عدالت جائیں۔ جن ممبران کو نوٹیفائی کیا گیا وہ معززارکان ہیں اور جس آرٹیکل کے تحت آپ نےحلف اٹھایا، اسی کے تحت دیگر نے بھی اٹھایا۔
عمرایوب نے کہا کہ عالیہ حمزہ سمیت دیگرمنتخب ارکان یہاں موجود ہی نہیں، تو نامکمل ایوان میں اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کا الیکشن کیسے ہوگا۔ ہم انصاف اورآئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر
اظہار خیال کا موقع ملنے پر پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے اسپیکر سے کہا کہ آپ اس ایوان کےکسٹوڈین ہیں، کسی پارٹی کےاسپیکرنہیں۔ عدالت نےالیکشن روکا تھاجب پنجاب اسمبلی میں25ارکان کی کمی تھی۔ فارم 45 کے بغیرجو ایوان میں ہے وہ ممبر نہیں ہے۔ ہماری خواتین ارکان بھی اسمبلی میں نہیں ہیں تو یہ ایوان مکمل نہیں۔ اس وقت ہمارے 23 ممبران اسمبلی میں نہیں۔
لیگی رہنما راناتنویر
راناتنویرکے اظہارخیال کے دوران ایوان میں شورشرابے پر اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے آپ کی بات سنی ہےآپ بھی حوصلہ کریں بات سنیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان میں حوصلہ ہی نہیں یہ حقیقت سننا ہی نہیں چاہتے ۔ 2018کاالیکشن تاریخ کا بدترین الیکشن تھا۔ عمرایوب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا تنویرنے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ اسمبلی کی کارروائی آگے بڑھائیں۔
سردار ایازصادق
اجلاس سے قبل اسپیکر کے امیدوار سردار ایازصادق کا کہنا تھا کہ انتخاب لڑنا جمہوریت کا حسن ہے، ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھنا ہر رکن کا فرض ہے، شورشرابے میں تقریر اوربات نہیں ہوسکے گی ، اسپیکرکوضبط اورصبرکے ساتھ کرسی پربیٹھنا ہوتا ہے ۔
پی ٹی آئی رہنماعلی محمد خان
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ کل 100 بندوں نے جھوٹ بولا ہے کیسے اللہ کی مدد آئے گی ، یہاں جعلی مینڈینٹ کے ساتھ لوگ بیٹھے ہیں ۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ انتخابات ایسے ہونے چاہئیں جو سب کو قبول ہوں۔ جس دھڑلے سے دھاندلی ہوئی کوئی قبول نہیں کر رہا۔ ایک ایجنڈا ہے ملک میں منصفانہ انتخابات ہوں ، ووٹ چوراور فارم 47 کی پیداوار ایوان میں بیٹھے ہیں۔
گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی راجا پروزی اشرف کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس میں 302 اراکین نے حلف اُٹھایا۔