’’کٹھ پتلی کی حکومت مزدور کیلئے تباہی ثابت ہوئی ‘‘

’’کٹھ پتلی کی حکومت مزدور کیلئے تباہی ثابت ہوئی ‘‘
کراچی ( پبلک نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کی زیرِ قیادت پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت ملک کے محنت کش طبقے کے لئے تباہی ثابت ہوئی ٗمزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریہ کا سنگِ بنیاد ہے ٗشہید بھٹو کے دیئے گئے ملک کے پہلے متفقہ آئین میں بلیو کالر ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے متعلق کئی دفعات شامل ہیں ٗآرٹیکل 11، 17، 18، 25 اور 37 (e) ہر طرح کی جبری مشقت اور چائیلڈ لیبر پر پابندی عائد کرتے ہیں۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم مئی پر اپنے پیغام میں کہا کہ مذکورہ آرٹیکلز رکن سازی کی آزادی دیتے ہیں اور یونین سازی کے حقوق دیتے ہیں ٗآئین کی یہ دفعات شہریوں کو بلامتیاز کوئی بھی قانونی پیشہ اختیار کرنے یا تجارت کرنے کا حق دیتے ہیں ٗدستور کی یہ آرٹیکلز کام کرنے والے ماحول کو انسان دوست اور بھتر ہونے کو یقینی بنانے کے متعلق بھی ہیں ٗپہلی مرتبہ جامع لیبر پالیسی کا اعلان بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ع میں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہونے والی قانون سازی کے نتیجے میں مزدوروں کے قوانین کا دائرہ کار اور ٹریڈ یونینز کے حقوق میں اضافہ ہوا ٗ کم سے کم اجرت، منافع میں شراکت، بونس، گروپ انشورنس اسکیم، گروپ انسینٹوز اسکیم وغیرہ کی ضمانت دی گئی ٗضیاء کی آمریت نے ان میں سے بہت ساری مراعات کو واپس لے لیا ٗضیاء نے مزدوروں کے حقوق کے حصول کے سلسے میں حاصل کی گئی بہت ساری کامیابیوں کو ختم کردیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مزدور حقوق کی بحالی اور محنت کش طبقے کے لئے فائدہ مند پروگرامز میں توسیع کی ٗاس طرح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی میراث کو جاری رکھا ٗصدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت حکومت نے بھی بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم متعارف کروائی ٗاس اسکیم کے تحت سرکاری کمپنیوں میں مزدوروں کو شراکت کی پیش کش کرکے پی پی پی کے مشن کو تقویت بخشی۔انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کے لئے ہزاروں مکانات پر مبنی مزدور کالونیاں بھی تعمیر کی گئیں ٗ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے ٗگذشتہ ڈھائی سالوں میں لاکھوں افراد کو بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے ہیں ٗپیپلز پارٹی مزدوروں اور محنت کش طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔