پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم مزدور منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم مزدور منایا جارہا ہے
کیپشن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم مزدور منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج یکم مئی کو مزدوروں کے حقوق کے عالمی دن کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد محنت کش طبقے کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عہد دہرانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ دن اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدور طبقے کی فلاح و بہبود اور اُن کے کام کے بہتر حالات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاہم، اس موقع پر یہ سوال بھی اہمیت رکھتا ہے کہ آیا ترقی پذیر ممالک میں مزدوروں کی عملی حالت میں کوئی بہتری آئی بھی ہے یا نہیں۔

عالمی یومِ مزدور کی تاریخی جڑیں 1886ء کے اُس واقعے سے جڑی ہیں جو امریکا کے شہر شکاگو میں پیش آیا۔ اُس وقت مزدوروں نے 8 گھنٹے کام کے اصول کے لیے احتجاج کیا تھا۔ بدقسمتی سے ان کے پرامن مظاہرے پر پولیس نے گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں متعدد مزدور جاں بحق ہو گئے، جب کہ کئی گرفتار مظاہرین کو پھانسی کی سزا دی گئی۔

اس سانحے کی یاد میں ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر میں یومِ مزدور منایا جاتا ہے تاکہ شکاگو کے ان جاں باز محنت کشوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے اور مزدور طبقے کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

پاکستان میں باقاعدہ طور پر اس دن کی سرکاری سطح پر شروعات 1973ء میں ہوئیں، جب ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے اس دن کو قومی سطح پر منانے کا اعلان کیا۔

Watch Live Public News