ویب ڈیسک: وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہوتی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق چودھری انوارالحق کے خلاف آج بھی تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کی جاسکے گی۔ آزاد کشمیر میں نئی حکومت سازی میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی بھی پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ فارورڈ بلاک کے چند اراکین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کو جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے اپنے اراکین اسمبلی بھی مضطرب ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اراکین قیادت سے پوچھ رہے ہیں حلقے میں کیسے جائیں کارکنوں کوکیا جواب دیں،ووٹر سوال کریں گے کیا فیصلہ کیا؟
ذرائع نے بتایا ہے کہ آزاد کشمیر کے ارکان اسمبلی کی آپس میں مشاورت شروع مگر عدم اعتماد کی تحریک سے سب لاعلم نکلے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے کشمیر ہاؤس میں اپنے ڈیرے خاموش کر دیے اور سب اپنے اپنے کمروں تک محدود ہوگئے۔
ارکان اسمبلی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقوں میں جا بھی نہیں سکتے نا اسلام آباد میں مزید قیام کی کوئی وجہ ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری تحریک عدم اعتماد کا حتمی اعلان کریں تاہم کب کریں گے کسی کو کوئی علم نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری ہی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔آئندہ تین سے چار روز تک تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا امکان نہیں۔