خاتون رکن اسمبلی کا وزیر اعظم فنڈز میں اپنی تنخواہ رضاکارانہ دینے سے انکار

خاتون رکن اسمبلی کا وزیر اعظم فنڈز میں اپنی تنخواہ رضاکارانہ دینے سے انکار
اسلام آباد: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے وزیراعظم فنڈز میں اپنی تنخواہ رضا کارانہ دینے پر انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے ممبر سائرہ بانو نے وزیراعظم کے سیلاب فنڈ اور اس کی تقسیم پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اعتراض کردیا ہے اور کہا ہے کہ میری تنخواہ سیلاب فنڈ میں جے ڈی سی اور الخدمت کو یکساں تقسیم کی جائے۔ سائرہ بانو نے سپیکر قومی اسمبلی کو احتجاجی خط لکھ دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ہماری تنخواہ ہم سے پوچھے بغیر نہیں کاٹی جاسکتی، ملک اس وقت شدید ترین سیلابی صورت حال سے دوچار ہے، متاثرہ لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کی ضرورت ہے۔رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہا کہ مختلف تنظیمیں فنڈز اکٹھے کر رہے مگر یہ وقت بتائیگا یہ فنڈز کتنے شفاف اور مساویانہ انداز میں تقسیم کئے گئے۔ سائرہ بانو نے خط میں لکھا کہ سپیکر قومی اسمبلی! آپ نے اراکین قومی اسمبلی کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹ لی تاکہ ریلیف فنڈ میں جمع کروایا جا سکے، فنڈز کٹوتی کے سلسلے میں نہ تو متعلقہ ایم این ایز سے مشاورت کی گئی اور نہ انکی مرضی معلوم کی گئی،جو فنڈز جلد بازی میں قائم کیا گیا اس میں بھی پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت نہیں کی گئی، اس وجہ سے اس کی شفافیت اور مانیٹرنگ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ خط میں کہا ہے کہ یہ ہر ایم این اے کا اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی کی قابل اعتماد تنظیم کو فنڈ دے، میری ایک ماہ کی تنخواہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جے ڈی سی میں برابر کی تقسیم کرکے اسکی رسید دی جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔