ویب ڈیسک: (علی زیدی) سعودی عرب جانے والے سیاحوں کیلئے خوشخبری۔ اب دل کھول کر خریداری کریں اور وطن واپسی سے قبل آپ کو پیسے واپس مل جائیں گے۔ یہ رقم ایئرپورٹ پر مخصوص کاؤنٹرز سے ری فنڈ کروائی جاسکے گی۔ اہم تفصیلات یہاں فراہم کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اگر آپ مستقبل قریب میں سعودی جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ معلومات آپ کیلئے کارگر ثابت ہوسکتی ہیں۔ سعودی حکومت نے سیاحوں کیلئے شاپنگ کا مزہ دوبالا کردیا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ مملکت میں ادا کردہ 15 فیصد ٹیکس آپ کو واپس مل سکتا ہے۔
سعودی حکومت نےپاکستان سمیت دیگر ممالک سے آنے والے سیاحوں کو خوشخبری سنادی ہے۔ تاہم سعودی عرب میں مقیم اقامہ ہولڈرز کو یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیاحوں کو اپنے ٹیکس ریفنڈ کیلئے ایئرپورٹ پر موجود ایک مخصوص کاؤنٹر پر جانا ہوگا۔ جہاں پر خریداری پر عائد 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس واپس لینا انتہائی آسان ہے۔
مملکت سے روانگی کے وقت سیاحوں کو ایئرپورٹ پر موجود ٹیکس ریفنڈ فار ٹورسٹ کاؤنٹرز کا رخ کرنا ہوگا۔ جہاں عالمی کمپنیوں کی مدد سے ٹیکس کی واپس کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
ٹیکس واپسی کیلئے چند اہم دستاویزات کا ہونا ضروری ہے:
- خریداری کی اصل رسید
- پاسپورٹ
- بورڈنگ پاس
ریفنڈ کی کچھ شرائط بھی ہیں:
صرف وہی اشیاء ریفنڈ کے قابل ہوں گی جو آپ ملک سے باہر لے جارہے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ ہوٹلنگ کرتے ہیں تو وہ ری فنڈ پالیسی میں شامل نہیں ہوگا۔ تاہم الیکٹرانکس یا دیگر ایسی اشیاء جو ٹھوس حالت میں دکھائی جاسکیں ان پر ٹیکس ری فنڈ لیا جاسکے گا۔ تاہم خریداری کے وقت رسید حاصل نہ کی گئی تو ٹیکس ری فنڈ ممکن نہیں ہوسکے گا۔
سعودی ٹیکس فری ایپ کے ذریعے اپنی رسیدیں پہلے سے درج کروا کر مسافر ایئرپورٹ پر اپنا وقت بچا سکتے ہیں۔ تو اب دل کھول کر شاپنگ کریں اور ملک واپسی سے قبل اپنا ٹیکس بھی واپس حاصل کریں۔