تاریخی اقدام ،اب 18 سال سے کم عمر افراد اپنے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے

تاریخی اقدام ،اب 18 سال سے کم عمر افراد اپنے انفرادی بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے

(ویب ڈیسک ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 18 سال سے کم عمر افراد کو انفرادی بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کی نوجوان نسل کو مالی طور پر مضبوط بنانے کیلئے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بیان میں کہا ہے کہ نوجوانوں کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کیلئے ملک میں ایک نیا فریم ورک متعارف کروایا گیا ہے،اس فریم ورک کے تحت وہ آزادانہ طور پر اپنے بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والیٹس کے مالک بن سکیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ فریم ورک ملک کے نوجوانوں کو محفوظ طریقے سے بچت کرنے، اعتماد کے ساتھ لین دین کرنے اور ذمے دارانہ مالیاتی عادات کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔

مرکزی بینک نے بیان میں کہا ہے کہ کم عمری میں نوجوانوں کو رسمی مالیاتی نظام میں آسان داخلہ فراہم کرنے کا مقصد ملک کی معیشت میں ان کی بامعنی شرکت کو فروغ دینا ہے۔

جاری بیان میں بتایا گیا کہ نوجوانوں کے بینک اکاؤنٹس مشترکہ یا والدین کے کنٹرول میں ہونے کی وجہ سے ان کی عملی مالی مصروفیات اور سیکھنے کی صلاحیت محدود رہتی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بیان میں مزید کہا کہ 18 سال سے کم عمر تقریباً 26 ملین پاکستانیوں کیلئے بنایا گیا یہ فریم ورک ایک ایسی نسل کی پرورش کے لیے کوشش ہے جو مالی طور پر خواندہ، ڈیجیٹل طور پر ماہر اور مستقبل کی ترقی کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Watch Live Public News