بنوں میں فائرنگ کا واقعہ: اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید

بنوں میں فائرنگ کا واقعہ: اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید
کیپشن: بنوں میں فائرنگ کا واقعہ: اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید

ویب ڈیسک: بنوں میں میرانشاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان کے قافلے پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے سی شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا اور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر فرار ہو گئے۔ ابتدائی طور پر 3 افراد کے جاں بحق اور 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے شہادتوں کی تعداد 4 ہونے کی تصدیق کی۔

شہید اور زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی دہشتگرد حملے کی شدید مذمت:

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بنوں میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کے قافلے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر، دو پولیس اہلکاروں اور ایک راہگیر کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 

اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملک دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلی نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

وزیر اعلی نے شہید اسسٹنٹ کمشنر، پولیس اہلکاروں اور شہید ہونے والے راہگیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ 

سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

Watch Live Public News