بھاٹی گیٹ واقعہ،وزیراطلاعات کیخلاف مقدمہ،جوڈیشل کمیشن تشکیل کیلئے درخواست دائر

بھاٹی گیٹ واقعہ،وزیراطلاعات کیخلاف مقدمہ،جوڈیشل کمیشن تشکیل کیلئے درخواست دائر
کیپشن: بھاٹی گیٹ واقعہ،وزیراطلاعات کیخلاف مقدمہ،جوڈیشل کمیشن تشکیل کیلئے درخواست دائر

ویب ڈیسک: بھاٹی گیٹ کے قریب ماں اور بیٹی کے  مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے معاملےمیں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب پر مقدمہ درج کرنے، وقوعہ کی چھان بین اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم  پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ دائر درخواست میں پنجاب حکومت ،ایل ڈی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں مین ہول کھلا چھوڑ کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔ حکومت نے اصل ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی بجائے نمائشی اقدام کیے۔ 

درخواست کے متن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور میں ہر سال 10 ہزار سے زائد مین ہول ڈھکن چوری ہوتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے سیکشن 322 کے تحت مقدمہ درج کرنا ناکافی ہے۔ 

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ماں بیٹی کا مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونا حادثہ نہیں مجرمانہ غفلت ہے۔ وقوعہ کے بعد پولیس اور حکومتی نمائندوں نے فیملی کو ہراساں کیا۔ اصل حقائق اور فیملی کو معاوضے کے تعین کے لے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔ 

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران سے 25کروڑ کا معاوضہ لیکر لواحقین کو دیا جائے۔ غلط معلومات پھیلانے پر وزیر اطلاعات پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ 

Watch Live Public News