ابوظبی کی شیخ زاید مسجد نے سیاحت اور عبادت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم

ابوظبی کی شیخ زاید مسجد نے سیاحت اور عبادت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم
کیپشن: ابوظبی کی شیخ زاید مسجد نے سیاحت اور عبادت کے شعبے میں نئی تاریخ رقم

ویب ڈیسک: ابوظبی کی مشہور شیخ زاید مسجد نے 2025 کے دوران سیاحت اور عبادت کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

 اس سال مسجد نے تقریباً 70 لاکھ مہمانوں کا استقبال کیا، جو 2024 کے مقابلے میں 4 فیصد کا اضافہ ہے اور ادارے کی تاریخ میں سب سے بڑی سالانہ تعداد ہے۔ مسجد میں سال بھر کے دوران 15 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد نے نماز ادا کی جبکہ 24 لاکھ سے زیادہ افراد نے افطار اور دیگر عبادات کے لیے مسجد کا رخ کیا۔ شیخ زاید مسجد میں آنے والے زائرین میں 82 فیصد غیر ملکی مہمان شامل تھے، جب کہ متحدہ عرب امارات کے مقامی رہائشیوں کا تناسب 18 فیصد رہا۔

اگر زائرین کے جغرافیائی تناسب کی بات کی جائے، تو ایشیا سب سے بڑا خطہ رہا، جہاں سے 49 فیصد زائرین آئے، یورپ سے 33 فیصد اور شمالی امریکا سے 11 فیصد مہمان مسجد پہنچے۔ رمضان اور عیدالفطر کے دوران، مسجد میں 18 لاکھ 90 ہزار سے زائد زائرین نے شرکت کی اور 26 لاکھ سے زیادہ افراد کو افطار اور سحری کے کھانے فراہم کیے گئے۔

اس کے علاوہ، شیخ زاید مسجد نے سال بھر میں 4 ہزار سے زائد ثقافتی سرگرمیاں اور دوروں کا انعقاد کیا اور 335 اعلیٰ سطح کے وفود کی میزبانی بھی کی۔ ان کامیابیوں نے نہ صرف مسجد کی عالمی شہرت کو مزید بڑھایا بلکہ اسے دنیا بھر کے زائرین کے لیے ایک روحانی اور ثقافتی مرکز کے طور پر مستحکم کر دیا ہے۔

Watch Live Public News