(ویب ڈیسک) ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کے گوردوارہ پنجہ صاحب کے دورے نے پاکستان میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے عزم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے ضلع اٹک کے تاریخی گوردوارہ سری پنجہ صاحب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مذہبی رسومات میں شرکت کی، خصوصی دعا میں شامل ہوئے اور سکھ برادری کے ساتھ لنگر کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
پنجاب حکومت نے تاریخی مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش کے جاری منصوبوں اور ہر سال بیساکھی سمیت مختلف مواقع پر ہزاروں ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں کی آمد کو پاکستان میں مذہبی آزادی اور سیاحت کے فروغ کی واضح مثال قرار دیا۔