ویب ڈیسک: لاہور میں 6 تا 8 فروری کو ہونے والی بسنت کی تقریبات کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں پتنگ سازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی ہے۔ یہ اجازت پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں پتنگ سازی کے مینوفیکچررز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رجسٹریشن کرانی ہوگی، اور تمام مینوفیکچررز ای بز پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کے پابند ہوں گے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق سامان تیار کر سکیں گے اور یہ سامان صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز کو فروخت کیا جا سکے گا۔ پتنگیں اور ڈور 6، 7 اور 8 فروری 2026 کے دوران لاہور میں ہی استعمال اور فروخت کی جا سکیں گی، اور ان اضلاع میں تیار سامان کسی اور ضلع میں استعمال یا فروخت نہیں ہو گا۔
مزید یہ کہ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں صرف مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کی اجازت ہو گی، جبکہ ٹریڈرز یا سیلرز کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ بسنت کی اجازت صرف لاہور میں اور صرف 6، 7 اور 8 فروری کو ہوگی، پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔