ویب ڈیسک: پہلگام حملے کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر امریکا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اس بحران کا ذمہ دارانہ اور پُرامن حل نکالیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کے روز بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس رابطے میں سیکرٹری روبیو نے دونوں رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں طویل المدتی امن اور علاقائی استحکام کو مقدم رکھتے ہوئے کشیدگی کم کریں۔
ترجمان کے مطابق امریکا دونوں ممالک کی قیادت کے ساتھ مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے اور مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ دونوں فریقوں پر زور دے رہی ہے کہ وہ جذباتی فیصلوں سے گریز کریں اور سفارتی راستہ اختیار کریں۔
ٹیمی بروس نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گفتگو میں یقین دہانی کرائی تھی کہ امریکا کو بھارت کے ساتھ مکمل یکجہتی حاصل ہے۔
دوسری جانب، امریکی ثالثی کوششوں کے بعد کشیدگی میں جزوی کمی آئی ہے تاہم بھارت کے چند حلقوں کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات تاحال جاری ہیں۔