صدارتی انتخابات: پرتشدد مظاہروں کاخدشہ، نیشنل گارڈز کو "اسٹینڈبائی" رہنے کا حکم 

صدارتی انتخابات: پرتشدد مظاہروں کاخدشہ، نیشنل گارڈز کو
کیپشن: صدارتی انتخابات: پرتشدد مظاہروں کاخدشہ، نیشنل گارڈز کو "اسٹینڈبائی" رہنے کا حکم 

ویب ڈیسک: امریکی ریاست واشنگٹن میں صدارتی الیکشن کے دوران ممکنہ تشدد سے نمٹنے کے لیے نیشنل گارڈز کو ’سٹینڈ بائی‘ رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست واشنگٹن کے گورنر نے جمعے کو کہا کہ وہ انتخابات سے متعلق ممکنہ تشدد کے بارے میں معلومات اور خدشات کے بعد نیشنل گارڈ کے کچھ ارکان کو سٹینڈ بائی رہنے کے لیے متحرک کر رہے ہیں۔

ریاست واشنگٹن میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے بارے میں تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ وہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو آسانی سے شکست دے سکتی ہیں۔ واشنگٹن اُن دو ریاستوں میں سے ایک تھی جہاں ہفتے کے شروع میں بیلٹ باکسز کو آگ لگائی گئی تھی۔

فلوریڈا یونیورسٹی کی الیکشن لیب کے مطابق قبل از وقت ووٹنگ کی سہولت واشنگٹن میں رہنے والوں کے لیے دستیاب ہے اور یہاں 20 لاکھ سے زیادہ شہری پہلے ہی اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔

گورنر جے انسلی نے جمعے کو اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک خط میں لکھا کہ ’سنہ 2024 کے عام انتخابات سے متعلق تشدد یا دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کے امکان سے متعلق عمومی اور مخصوص معلومات اور خدشات کی بنیاد پر میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہم جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘

انسلی کے مطابق وینکوور شہر میں ڈراپ باکس میں آگ لگانے والے آلے کے استعمال سے سینکڑوں بیلٹس کو نقصان پہنچا یا ضائع کر دیا گیا۔

امریکہ میں صدارتی الیکشن دو دن بعد پانچ نومبر کو منعقد ہو رہے ہیں جہاں کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

Watch Live Public News