آڈیو لیکس:عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری

آڈیو لیکس:عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری
اسلام آباد: آڈیو لیکس کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان، ان کے ساتھی سابق وزرا اور سابق سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ نے 'ڈپلومیٹک سائفر' سے متعلق آڈیو لیک پر ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائیفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کو منعقدہ اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی ، کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا ، وفاقی کابینہ نے 'سرکولیشن' کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی ۔ کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ "یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے، ایف آئی اے سینئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے"۔ کابینہ کمیٹی نے سفارش کی کہ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے، ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ واضح رہے کہ ڈپلومیٹک سائفر سے متعلق سابق وزیر اعظم عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر جبکہ دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی۔ آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔