ویب ڈیسک: عالمی صارفین کی مصنوعات تیار کرنے والی بڑی کمپنی پروکٹر اینڈ گیمبل (P&G) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی مینوفیکچرنگ اور کمرشل آپریشنز، جن میں جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ بھی شامل ہے، ختم کر رہی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ پاکستان میں صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اب وہ تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر ماڈل پر منتقل ہو جائے گی۔
یہ فیصلہ کمپنی کی عالمی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ترقی کی رفتار تیز کرنا اور زیادہ قدر پیدا کرنا ہے۔ کمپنی کے مطابق پاکستان میں معمول کی کاروباری سرگرمیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک منتقلی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا، اور اس میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔
پی اینڈ جی نے کہا ہے کہ منتقلی کے منصوبے پر فوری طور پر عمل شروع کیا جا رہا ہے، اور اس عمل میں سب سے زیادہ توجہ اپنے ملازمین کی معاونت پر ہوگی۔ جن ملازمین کی ملازمتیں متاثر ہوں گی، اُنہیں یا تو پاکستان سے باہر کمپنی کے دیگر آپریشنز میں مواقع فراہم کیے جائیں گے یا پھر مقامی قوانین اور کمپنی کی پالیسی کے مطابق علیحدگی پیکجز دیے جائیں گے۔
کئی امکانات کا جائزہ لینے کے بعد کمپنی اس نتیجے پر پہنچی کہ فی الحال پاکستان میں اپنی مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ مقامی اور علاقائی ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے ہے۔
کمپنی نے اپنے ملازمین، پارٹنرز اور صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا “آپ کے تعاون کا شکریہ، جس کی بدولت ہم پاکستان میں پی اینڈ جی کو اتنی دور تک لے کر جا سکے۔”
دوسری جانب دی جیلیٹ کمپنی ایل ایل سی نے باضابطہ طور پر جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اطلاع دی ہے کہ پروکٹر اینڈ گیمبل نے پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام کمپنی کی عالمی ری اسٹرکچرنگ حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ترقی اور قدر میں اضافہ کرنا ہے۔
اس فیصلے کے بعد جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ جلد بورڈ میٹنگ طلب کرے گی تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو جمع کرائی گئی اطلاع میں کہا کہ اس جائزے میں، اگر ضرورت پڑی، تو جیلیٹ پاکستان کو اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کے امکانات بھی شامل ہوں گے، اور تمام اقدامات مقامی قانونی و ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق پی اینڈ جی کی مصنوعات پاکستان میں بدستور دستیاب رہیں گی، تاہم اب یہ اشیا مقامی ڈسٹری بیوٹرز اور علاقائی آپریشنز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، نہ کہ کمپنی کی براہِ راست مینوفیکچرنگ اور سیلز کے ذریعے۔