عافیہ صدیقی وطن واپسی درخواست،"سمجھیں یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس ہے"

عافیہ صدیقی وطن واپسی درخواست،
کیپشن: عافیہ صدیقی وطن واپسی درخواست،"سمجھیں یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس ہے"

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل کی 5 ہفتوں کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ سمجھیں یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق عدالت کے سامنے پیش ہوئے، عدالتی معاون زینب جنجوعہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔

ان کے علاوہ سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی بھی عدالتی حکم پر کمرہ عدالت میں حاضر ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور سینیٹر مشتاق بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ عدالت کی معاونت جاری رکھے گا، میں یا ایک ڈویژن یہ فیصلہ نہیں کرسکتا یہ وفاقی حکومت کا پالیسی فیصلہ ہوگا۔

فوزیہ صدیقی کے امریکی وکیل کلائیو اسمتھ کیس کی سماعت میں وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلائیو اسمتھ کو ایک ہفتے میں ڈاکٹر عافیہ کی رحم کی اپیل کا ڈرافٹ پاکستانی حکومت سے شئیر کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وکیل کلائیو اسمتھ نے عافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے سے کوشش کی افغانستان بھی گئے، حکومتی حکام میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو کہے ہم اسمتھ کے ساتھ کھڑے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آرہی حکومت کو خوف کیا ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت مستقل بنیادوں پر فوزیہ صدیقی کو سپورٹ کر رہی ہے، جب کوئی پالیسی لیول کا فیصلہ کرنا ہو تو اس میں کچھ وقت لگتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ رحم کی اپیل کی پیٹیشن وائٹ ہاؤس کو لکھ رہے ہیں یا نہیں یہ جواب دیں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہی ہے، ایک نئی پیشرفت ہوئی ہے جو عدالت کے سامنے رکھنی ہے، امریکا میں موشن امریکی وکیل کے ذریعے فائل کی جا سکتی ہے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے استفسار کیا کہ اگر امریکی وکیل کہے کہ موشن فائل کی جا سکتی ہے تو پھر حکومت کرے گی، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پھر اس حوالے سے پالیسی فیصلہ کیا جائے گا۔

جسٹس سردار اعجاز نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہ ہمت کیوں کررہے ہیں کہ عدالت کو کہیں حکومت فائل نہیں کرنا چاہتی، مسٹر اسمتھ بطورامریکی وکیل وہاں پر موشن فائل کریں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ امریکی صدر کو رحم کی اپیل کا ڈرافٹ ہمارے ساتھ شئیر کیا جائے، رحم کی اپیل کا ڈرافٹ دیکھ کر ہی حکومت کی طرف سے پالیسی کا فیصلہ کیا جائے گا، اس کے لیے وقت چاہئیے عدالت دو یا تین ہفتوں کا وقت دے۔

امریکی وکیل نے دریافت کیا کہ اگر ان کو کاپی مل جائے تو یہ جواب جمع کرنے کے لیے کتنا وقت لگائیں گے؟

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے جواب دیا کہ میں ایک ہفتے سے آگے کا وقت نہیں دوں گا، کابینہ اجلاس بلانا ہے جو بھی کرنا ہے کریں، آپ سمجھیں کہ یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا کیس ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی 5 ہفتوں کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر وزارت دفاع کے جواب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا تھا۔

Watch Live Public News