طبی میدان میں نئی تاریخ رقم،سمارٹ کیپسول جو دن بھر کی دوائیں ایک ساتھ دے گا

طبی میدان میں نئی تاریخ رقم،سمارٹ کیپسول جو دن بھر کی دوائیں ایک ساتھ دے گا
کیپشن: طبی میدان میں نئی تاریخ رقم،سمارٹ کیپسول جو دن بھر کی دوائیں ایک ساتھ دے گا

ویب ڈیسک: سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز سِٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KACST) اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان ڈیاگو کی مشترکہ تحقیقی ٹیم نے ایک انقلابی سمارٹ کیپسول تیار کیا ہے جو مریض کو دن بھر کی تمام ضروری دوائیں مرحلہ وار فراہم کر سکے گا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، اس کیپسول کو دوا دینے کا ایک "بریک تھرو طریقہ" قرار دیا جا رہا ہے جو ہر مریض کی انفرادی ضرورت کے مطابق کام کرے گا۔ کیپسول میں الگ الگ خانے اور باریک رکاوٹیں موجود ہیں جو مختلف دواؤں کو محفوظ رکھتی ہیں اور وقت پر ایک ایک کر کے خون میں شامل کرتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، یہ سمارٹ کیپسول علاج کو زیادہ آسان، موثر اور محفوظ بنائے گا۔ اس سے دواؤں کے آپس میں تعامل میں کمی، دوا لینے میں بھول سے نجات، اور زائد مقدار لینے کا خطرہ کم ہو جائے گا۔

ریسرچ ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر امل عباس نے کہا کہ "یہ اختراع دوا کے انتظام کو سادہ بنا دے گی کیونکہ کیپسول صحیح دوا، درست مقدار میں، بالکل وقت پر فراہم کرے گا۔ اس سے مریضوں کے علاج پر آنے والی لاگت میں کمی آئے گی اور ہسپتالوں کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔"

کلینیکل ٹیسٹ کے دوران پارکنسن کے مریضوں نے اس کیپسول پر فوری اور دیرپا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ایجاد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق صحت کے شعبے میں 20 فیصد تک اخراجات کم کر سکتی ہے۔

فی الحال ٹیم اس کے ضابطہ جاتی مراحل مکمل کر رہی ہے جس کے بعد مزید کلینیکل ٹرائلز ہوں گے تاکہ اس کی حفاظت اور افادیت کی تصدیق ہو سکے۔

Watch Live Public News