5 میل کی اسپیڈ پر گاڑی الٹ گئی،کیلیفورنیا میں سست ترین حادثے کی ویڈیو وائرل

5 میل کی اسپیڈ پر گاڑی الٹ گئی،کیلیفورنیا میں سست ترین حادثے کی ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک )امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کروز میں ایک انتہائی حیران کن اور عجیب و غریب ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک کار ڈرائیور نے محض 5 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے سڑک پر تماشا بنا دیا اور یکے بعد دیگرے کئی چیزوں سے ٹکرانے کے بعد بالآخر کار الٹوا بیٹھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سان فرانسسکو 49ers کی جرسی پہنے شخص تقریباً 5 میل فی گھنٹہ کی انتہائی دھیمی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اس دوران گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے دائیں بائیں لہراتی رہی اور سب سے پہلے ایک پل کی سائیڈ سے ٹکرائی، جس سے گاڑی کا ایک حصہ ٹوٹ کر الگ ہو گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل سے ٹکرانے کے باوجود ڈرائیور نہ رکا اور کار کو سڑک کنارے جھاڑیوں میں گھسا دیا۔ وہاں سے نکلنے کے بعد اس نے بائیں جانب کچے راستے پر چڑھائی چڑھتے ہوئے کار سیدھی درخت میں دے ماری، جس کے فوری بعد گاڑی سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی سے دھواں نکلنے کے باوجود ڈرائیور نے کار ریورس کی اور دوبارہ آگے بڑھانے کی کوشش کی، لیکن وہ زیادہ دور نہ جا سکا اور کار ایک ٹیلی فون کے کھمبے سے ٹکرا کر ایک طرف الٹ گئی، جس سے یہ سست رفتار مگر خوفناک سفر اختتام پذیر ہوا۔

حادثے کے فوراً بعد پیچھے سے آنے والے ایک شہری نے الٹی ہوئی کار کے قریب جا کر اندر لٹکے ڈرائیور سے خیریت دریافت کی، جس پر نشے یا صدمے کے باعث لڑکھڑاتی آواز میں ڈرائیور نے کہا کہ "خاموش رہو" اور پھر فوراً سوال پوچھا کہ "کیا تم پولیس والے ہو؟"

واقعے کے کچھ ہی دیر بعد متعدد فائر ٹینڈرز اور ہنگامی امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور الٹی ہوئی کار کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ڈرائیور زخمی ہوا، یا اسے گرفتار کر کے کوئی چالان جاری کیا گیا یا نہیں۔

Watch Live Public News