ویب ڈیسک: بھارتی ریاست اتر پردیش میں شادی کے ایک سال بعد غائب ہونے والے شوہر کو بیوی نے سوشل میڈیا کی مدد سے تلاش کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیلو نامی خاتون نے جتیندر کمار نامی شخص سے شادی کی تاہم اس کا شوہر شادی کے ایک سال بعد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا۔ شیلو اور جتیندر کمار کے درمیان شادی کے فوراً بعد ہی تعلقات خراب ہوگئے۔ کیونکہ سسرال والوں نے خاتون سے اضافی جہیز اور سونے کی چین اور انگوٹھی کا مطالبہ شروع کر دیا تھا۔ جب مطالبہ پورا نہ ہوا تو شیلو سسرال والوں نے زبردستی گھر سے نکال دیا تھا۔ شیلو کے اہل خانہ نے پولیس میں سسرال والوں کیخلاف شکایت درج کرائی۔ کیس کی تحقیقات کے دوران جتیندر کمار اچانک غائب ہو گیا تھا۔ 2018 میں پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔
حال ہی میں جتیندر کمار کی اہلیہ انسٹاگرام استعمال کر رہی تھیں۔ جب اس نے اپنے شوہر کو ٹرین میں نامعلوم خاتون کے ساتھ دیکھا۔ خاتون نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جتیندر کمار نے جان بوجھ کر غائب ہو کر دوسری شادی کی تھی۔ پولیس نے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔