(ویب ڈیسک)امریکی ریاست یوٹاہ کے علاقے پرووو کینین (Provo Canyon) میں واقع مشہور آبشار ’ برائیڈل ویل فالس‘ کے قریب اچانک ہونے والی شدید لینڈ سلائیڈنگ کے دوران پہاڑ سے گرنے والی دیوہیکل چٹانوں سے ایک جوڑا معجزاتی طور پر بال بال بچ گیا ہے۔
بیلی اور ایمرسن ہیملٹن نامی میاں بیوی جمعہ کے روز پرووو کینین سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے پہاڑ کے ایک بڑے حصے کو ٹوٹ کر نیچے گرتے دیکھا اور اس لرزہ خیز منظر کو کیمرے میں محفوظ کر لیا۔
گزشتہ 10 سال سے اسی وادی کے قریب رہائش پذیر جوڑے کا کہنا تھا کہ جمعہ کے وقت یہاں ہائیکرز اور پیدل چلنے والوں کا بہت رش ہوتا ہے، اس لیے ان کی پہلی سوچ یہی تھی کہ شاید کوئی ان چٹانوں کی زد میں نہ آ گیا ہو۔
بیلی کے مطابق پہاڑ سے گرنے والے پتھر غیر معمولی طور پر بڑے تھے؛ انہوں نے کسی ممکنہ زخمی کی مدد اور ریسکیو اہلکاروں کو اطلاع دینے کے لیے اپنی گاڑی قریبی ’ننز پارک‘ (Nunns Park) میں کھڑی کی۔
جیسے ہی وہ پیدل چلنے والے ٹریک پر پہنچے تو انہیں دوسری بار لینڈ سلائیڈنگ کی خوفناک آواز سنائی دی۔
جوڑے نے فوری طور پر پیچھے مڑ کر جان بچانے کے لیے محفوظ فاصلے کی جانب دوڑ لگا دی اور خوش قسمتی سے چٹانوں کی زد میں آنے سے بچ گئے۔
یوٹاہ کاؤنٹی حکومت کی جانب سے علاقے کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد تصدیق کی گئی کہ اس قدرتی حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔
اس سیاحتی ٹریل کو موسمِ سرما کے آغاز پر بند کیا جانا تھا، لیکن چٹانوں کے گرنے کے بعد اسے فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے، جو اب پوری سردیوں میں بند رہے گا جبکہ صفائی کا کام موسمِ بہار میں شروع ہوگا۔