ویب ڈیسک: پاکستانی شوبز کی سابق اداکارہ فریال گوہر نے پہلی بار اپنی ازدواجی زندگی کے دوران مبینہ گھریلو تشدد کے تلخ تجربات پر تفصیل سے گفتگو کی ہے، جبکہ ان کے سابق شوہر اور اداکار جمال شاہ نے ان الزامات کی تردید کردی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فریال گوہر نے دعویٰ کیا کہ شادی کے دوران انہیں متعدد بار جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئیں اور صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے ایک موقع پر حمل ضائع ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔
فریال گوہر کے مطابق شادی 23 برس کی عمر میں ان کی اپنی پسند سے ہوئی تھی اور ابتدا میں دونوں خاندان اس رشتے پر خوش تھے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ مسلسل تشدد کے باعث انہیں اپنی چوٹیں چھپانا پڑتی تھیں اور بعض اوقات جسمانی تکلیف کے باعث معمول کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ حمل ضائع ہونے کے بعد ڈاکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ دوبارہ حاملہ ہونے سے قبل وہ اپنی ازدواجی زندگی کی صورتحال پر غور کریں۔ ان کے مطابق اسی مرحلے پر انہوں نے شادی ختم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا۔
دوسری جانب جمال شاہ نے فریال گوہر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ سچ نہیں، لیکن خدا انہیں خوش رکھے۔‘
یہ سچ نہیں لیکن خُدا اُن کو خوش رکھے https://t.co/1OR6MQwYyZ
— Jamal Shah (@SydJamalShah) September 2, 2026
جمال شاہ کے مطابق ان کی شادی تقریباً پانچ سال رہی اور دونوں باہمی رضامندی سے مہذب انداز میں علیحدہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس رشتے پر کوئی پچھتاوا یا تلخی نہیں اور وہ آج بھی فریال گوہر اور ان کے خاندان کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
میں نے آج تک کس بھی انٹرویو میں فریال کو بُرا نہیں کہا، ندا میری بیٹیوں کی طرح ہے جب اُس نے مجھے اپنے پروگرام کے لئے فون پر ریکویسٹ کی تو یہ نہیں بتایا تھا کہ فریال بھی ہونگی۔ ایک آدھ دن بعد اُنکا بھی بتایا تو مُجھے انکار کرنا ذرا معیوب لگا۔ندا کے پروگرام میں خاصا ریزرو رہا اور… https://t.co/mD7NYapO9f
— Jamal Shah (@SydJamalShah) September 2, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بیانات پر لوگ اپنی رائے قائم کرنے میں آزاد ہیں، تاہم وہ فریال گوہر کے بارے میں کبھی کوئی غلط بات نہیں کریں گے۔