ویب ڈیسک:امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیٹھ نے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدے سے ہٹا دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وزیرِ جنگ ایک ایسے آرمی چیف کے خواہاں ہیں جو فوجی امور میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے وژن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنا سکے۔
جنرل رینڈی جارج اس سے قبل سابق وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے دور میں سینئر ملٹری اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی خلیجی جنگ، عراق اور افغانستان کی جنگوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں آرمی چیف آف اسٹاف کی مدتِ ملازمت عموماً چار سال ہوتی ہے۔ جنرل رینڈی جارج نے 2023 میں سینیٹ سے توثیق حاصل کی تھی اور انہیں 2027 تک اس عہدے پر فائز رہنا تھا۔
ادھر وائس چیف آف اسٹاف جنرل کرسٹوفر لانیو، جو وزیرِ جنگ کے ملٹری ایڈ بھی رہ چکے ہیں، قائم مقام آرمی چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔