پبلک نیوز: لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ میرا نے ایسے شواہد پیش نہیں کر سکیں جس سے ثابت ہو کہ انہوں نے شادی نہیں کی۔ تحریری فیصلے کے مطابق اداکارہ میرا نے 2 ستمبر 2007 کو عتیق الرحمان سے نکاح کیا۔ ایسا گواہ پیش نہیں کیا جو نکاح نامے پر دستخط جعلی ہونے کی گواہی دے۔ میرا نے طبی ٹیسٹ کے لیے دائر درخواست کی سختی سے مخالفت کی۔ اداکارہ نے نکاح کی تصاویر سے انکار نہیں کیا، بس اتنا کہا کہ تصاویر ڈرامے کے دوران لی گئیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بیوی کے انکار کی وجہ سے فریقین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ وہ بطور میاں بیوی ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔ ٹرائل کورٹ کے پاس ایک ہی آپشن موجود تھا کہ وہ شادی کو خلع کی بنیاد پر ختم کردے۔ فیملی کورٹ کے فیصلے میں کوئی غیر قانونیت نہیں پائی گئی۔ میرا کی اپیل کا کوئی میرٹ نہیں ہے لہٰذا اسے مسترد کیا جاتا ہے۔